اسلام آباد: ایس پی سواں زون پری گل ترین کا ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار

اسلام آباد (احمد ضمیر سے) ایس پی سواں زون پری گل ترین کی ہدایت پر پولیس نے ون ویلنگ کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کر دیے گئے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران وہ موٹر سائیکلیں بھی ضبط کر لی ہیں جو ون ویلنگ کی غرض سے لائی گئی تھیں۔ایس پی سواں زون پری گل ترین نے اپنے بیان میں کہا کہ ون ویلنگ ایک جان لیوا کھیل ہے، جس کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے بجائے قانون کی پاسداری کریں۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں اس خطرناک سرگرمی سے روکیں۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ آپریشن اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے (گلزار قائد قائداعظم پہاڑی) پر کیا گیا، جہاں پولیس نے خفیہ اطلاعات اور نگرانی کے بعد ون ویلنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی۔ حراست میں لیے گئے ملزمان کو متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ایس پی پری گل ترین نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں۔پولیس کی اس سخت کارروائی پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس مہم سے نوجوانوں میں شعور بیدار ہوگا اور وہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے سے باز رہیں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا اور ون ویلنگ کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔