آئیسکو گنگال ڈویژن کے لائن سپریٹنڈنٹ نوشیر کی مثالی کارکردگی، آندھی و بارش کے بعد بجلی کی فوری بحالی پر عوام کا خراجِ تحسین

راولپنڈی (احمد ضمیر سے) راولپنڈی اور گردونواح میں حالیہ دنوں ہونے والی شدید بارش اور تیز آندھی نے شہری زندگی کو شدید متاثر کیا۔ متعدد علاقوں میں درختوں کے گرنے اور بجلی کے کھمبے (الیکٹرک پولز) زمین بوس ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ اس اچانک پیش آنے والی صورتحال کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر رات کے اوقات میں اندھیرا، پانی کی عدم دستیابی اور دیگر گھریلو و تجارتی مسائل نے مشکلات میں اضافہ کیا۔



تاہم اس بحرانی کیفیت میں آئیسکو (IESCO) گنگال ڈویژن کی ٹیم نے نہایت چابک دستی، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ ڈویژن کے ایس ڈی او کی ہدایت پر لائن سپریٹنڈنٹ نوشیر نے فوری ایکشن لیتے ہوئے فیلڈ ٹیموں کو متحرک کیا۔ خود موقع پر موجود رہ کر مرمتی کام کی نگرانی کی، متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اور ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی بحالی کے لیے اقدامات کیے۔
ٹیم نے شدید موسم، اندھیرے اور مشکل حالات کے باوجود دن رات محنت کر کے کچھ ہی گھنٹوں کے اندر بجلی کی ترسیل بحال کر دی۔ نوشیر کی قیادت میں کی جانے والی اس بروقت کارروائی نے نہ صرف ایک ممکنہ بحران کو ٹالا بلکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا۔
علاقہ مکینوں نے اس قابلِ ستائش کارکردگی پر آئیسکو گنگال ڈویژن اور خصوصاً لائن سپریٹنڈنٹ نوشیر کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہریوں نے کہا کہ ایسے فرض شناس اور عوام دوست اہلکار ہی اصل سرمایہ ہیں جو مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔ متعدد مکینوں نے آئیسکو انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ نوشیر جیسے محنتی افسران کو اعزازی سرٹیفکیٹ یا انعام سے نوازا جائے تاکہ دیگر افسران کو بھی عوامی خدمت کا حوصلہ ملے۔