سینیٹر دنیش کمار کو Parliamentary Human Rights Award 2025 پیش — اقلیتی حقوق کے لیے پارلیمانی خدمات کا اعتراف

سینیٹر دنیش کمار کو Parliamentary Human Rights Award 2025 سے نوازا گیا





پارلیمنٹیرینز کمیشن فار ہیومن رائٹس (PCHR) نے آج اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں سینیٹر دنیش کمار کو Parliamentary Human Rights Award 2025 پیش کیا۔ یہ ایوارڈ انسانی حقوق، مذہبی آزادی، اور پاکستان کی اقلیتی برادری کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لئے ان کی نمایاں پارلیمانی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
تقریب سے خطاب میں سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ وہ اس اعزاز کو پاکستان کی تمام اقلیتی برادریوں کے نام کرتے ہیں، جو مساوی حقوق، تحفظ، اور آئینی آزادیوں کی امید لئے آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جدوجہد کا مقصد ہمیشہ یہ رہا ہے کہ آئینِ پاکستان میں درج اقلیتوں کے حقوق کو عملی شکل دی جائے، اور ایسے مؤثر اقدامات کئے جائیں جن سے کمزور طبقات کو حقیقی انصاف اور تحفظ مل سکے۔
سینیٹر دنیش کمار پارلیمنٹری منارٹی کاکس کے بانی رکن اور کنوینر ہیں، اور پارلیمنٹ میں مذہبی رواداری، جبری تبدیلیٔ مذہب کے خاتمے، اقلیتی برادری کی سیاسی نمائندگی، عبادت گاہوں کے تحفظ، اور انسانی حقوق کے قومی و بین الاقوامی تقاضوں کے بارے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے صوبائی سطح پر محکمہ اقلیتی امور کے قیام کے لئے قانون سازی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
PCHR نے ان کی طویل خدمات اور پارلیمانی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ سینیٹر دنیش کمار کی آواز پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے لئے ایک بھرپور اور باوقار کردار ادا کر رہی ہے۔



