لہترار روڈ پر پیٹرول کی قلت، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

اسلام آباد (نمائندہ عوامی للکار) لہترار روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پیٹرول کی قلت کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متعدد پیٹرول پمپس نے پیٹرول دینے سے انکار کر دیا جبکہ جہاں پیٹرول دستیاب ہے وہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق چند پیٹرول پمپس محدود مقدار میں پیٹرول فراہم کر رہے ہیں اور ایک گاڑی یا موٹر سائیکل کو صرف تقریباً 200 روپے کا پیٹرول دیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو بار بار لائنوں میں کھڑا ہونا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب کئی پمپس نے مبینہ طور پر پیٹرول ختم ہونے کا جواز بنا کر سپلائی بند کر دی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر لہترار روڈ پر موجود پیٹرول پمپس کا معائنہ کرے اور اگر کسی پمپ پر مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری طرف ملک کے مختلف شہروں میں بھی پیٹرول کی محدود فراہمی اور سپلائی میں کمی کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ آئل کمپنیوں کی جانب سے سپلائی میں کمی اور کوٹہ سسٹم کی وجہ سے بعض پمپس بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ادھر حکومت نے مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو پیٹرول پمپس کی نگرانی بڑھانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔



