سی ڈی اے کا تجاوزات کے خلاف نوٹس بے اثر، کاروائی نہ ہونے پر سوالات جنم لینے لگے، پارک ویو، کیپٹل ہوٹل اور بینک اے ٹی ایم کے خلاف ایکشن نہ ہو سکا

اسلام آباد (این ای این) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے 24 جنوری 2025 کو سیکٹر جی 6 مرکز میں واقع پلاٹ نمبر 16 پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف نوٹس جاری کیا تھا، لیکن ایک ماہ گزرنے کے باوجود اب تک کوئی عملی کاروائی نہیں کی گئی۔ نوٹس میں واضح کیا گیا تھا کہ دونوں اطراف کے ٹوائلٹس کو غیر قانونی طور پر دکان یا بینک اے ٹی ایم میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ عقب و اطراف میں غیر قانونی دکانیں کھولی گئی ہیں اور برآمدے پر بھی تجاوزات قائم کی گئی ہیں۔ CDA نے مالکان کو 15 دن کے اندر خلاف ورزیاں ختم کرنے کی ہدایت دی تھی، بصورتِ دیگر تجاوزات مسمار کرنے کی وارننگ دی گئی تھی، لیکن عملی اقدامات نہ ہونے پر عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ نوٹس کیپیٹل اور پارک ویو ہوٹل کے خلاف جاری کیا گیا تھا، مگر متعلقہ ادارے کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ کیا CDA مخصوص عناصر کو ریلیف دے رہی ہے؟ کیا تجاوزات کے خلاف قوانین محض کاغذی کارروائیوں تک محدود ہیں؟ اسلام آباد کے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور غیر قانونی تعمیرات کو فوری مسمار کر کے قانون کی عملداری قائم کی جائے۔