اہم خبریں

اسلام آباد میں مذہبی جماعت کا احتجاج، داخلی راستے بند، موبائل انٹرنیٹ متاثر



اسلام آباد (نمائندہ عوامی للکار) — وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ شہر کے داخلی راستوں پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذہبی تنظیم نے اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی ہے۔

اسلام آباد میں مختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، بالخصوص فیض آباد، آئی جے پرنسپل روڈ، کشمیر ہائی وے اور موٹروے انٹرچینجز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ شہریوں نے ٹریفک جام کے باعث متبادل راستے اختیار کرنے شروع کر دیے ہیں۔

دوسری جانب دارالحکومت اور گردونواح میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہے، جس سے شہریوں کو رابطوں اور آن لائن خدمات میں دشواری کا سامنا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس، ایف سی اور رینجرز اہلکاروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

علاوہ ازیں، راولپنڈی کے بیشتر نجی تعلیمی اداروں میں بھی آج چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور والدین کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

ذرائع کے مطابق مذہبی جماعت کے رہنماؤں اور حکومت کے درمیان مذاکرات جاری ہیں تاکہ صورتحال کو پرامن طور پر حل کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button