راولپنڈی ٹریفک پولیس کے اہلکار قانون کے رکھوالے یا قانون شکن؟

راولپنڈی (احمد ضمیر سے) شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کا درس دینے والی سٹی ٹریفک پولیس کے اپنے اہلکار ہی قواعد کی دھجیاں اڑانے لگے۔ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس کا ایک اہلکار بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے مری روڈ پر سفر کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، یہ واقعہ راولپنڈی کے مصروف ترین علاقے میں پیش آیا، جہاں ٹریفک پولیس کے اہلکار کو ہیلمٹ کے بغیر سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ وہی قوانین ہیں جن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عام شہریوں کو چالان کیے جاتے ہیں، مگر خود ٹریفک پولیس کے اہلکار ہی انہیں نظر انداز کر رہے ہیں۔
شہریوں نے اس رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے واقعات کا سختی سے نوٹس لیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں، تاکہ قانون کی بالادستی قائم رہے اور عوام میں مثبت مثال پیش کی جا سکے۔