اسلام آباد و راولپنڈی میں بند سڑکیں جزوی طور پر کھول دی گئیں، میٹرو بس سروس تاحال معطل

مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بند کی گئی سڑکوں میں سے بعض راستے جزوی طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق احتجاج کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کی مرکزی شاہراہوں پر تاحال کنٹینرز موجود ہیں، تاہم انتظامیہ نے شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد سڑکوں کو جزوی طور پر بحال کردیا ہے۔
راولپنڈی میں اندرونِ شہر رہائشی علاقوں کو جانے والے راستے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں، جب کہ مری روڈ سے ملحقہ گلیوں اور لنک روڈز سے بھی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔
اسلام آباد ایکسپریس وے اور نائنتھ ایونیو سے ڈبل روڈ کو ملانے والا راستہ بھی جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے، تاہم آئی جے پی روڈ اور فیض آباد انٹرچینج بدستور بند ہیں، جس کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس اور لوکل ٹرانسپورٹ اب تک معطل ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جب کہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ہے۔
گزشتہ روز مختلف مقامات پر شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آئے۔ سڑکوں کی بندش کے باعث ایمبولینسیں ٹریفک میں پھنسی رہیں، مریضوں کے لواحقین راستہ مانگتے رہے۔ ایک بچے کی والدہ اسپتال تک نہ پہنچ سکی اور دہائیاں دیتی رہیں، جب کہ ایک ضعیف مریض کو حالت بگڑنے پر ایمبولینس میں ہی ڈرپ لگائی گئی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔