اسلام آباد ایس پی سواں زون پری گل ترین کا تھانہ کھنہ میں کھلی کچہری کا انعقاد، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کا اعلان

اسلام آباد ایس پی سواں زون پری گل ترین کا تھانہ کھنہ میں کھلی کچہری کا انعقاد، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کا اعلان
اسلام آباد (احمد ضمیر سے) وفاقی دارالحکومت کے سواں زون کی ایس پی پری گل ترین نے تھانہ کھنہ میں عوامی مسائل کے حل اور پولیس و عوام کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنانے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر علاقے کے معززین، عمائدین، صحافی برادری، اور سواں زون کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے بھرپور شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران اہل علاقہ نے اپنے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں، جنہیں ایس پی پری گل ترین نے نہ صرف بغور سنا بلکہ ان کے فوری اور مؤثر حل کی یقین دہانی بھی کروائی۔ ایس پی نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔انہوں نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں منشیات فروشی، جوا، اور دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دی جا چکی ہے۔ “ہم نے منشیات فروشوں، جرائم پیشہ گینگز اور جرائم میں ملوث افراد کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کی موجودگی کو ہر محلے میں یقینی بنایا جائے گا،” ایس پی پری گل ترین نے کہا۔اہل علاقہ کی جانب سے ایس پی پری گل ترین کی کارکردگی کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ ان کی قیادت میں پولیس نے متعدد مثبت اقدامات کیے ہیں، جن کے نتیجے میں نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ جرائم میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ پولیس کی یہ عوام دوست پالیسیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس پی نے موقع پر ہی کئی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں اور بعض معاملات میں انکوائری کا حکم بھی دیا۔ کھلی کچہری کا ماحول خوشگوار رہا اور شہریوں نے اس پلیٹ فارم کو خوش آئند قرار دیا۔ایس پی سواں زون نے آخر میں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ معاشرے کو پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔