ایف ایف سی کی جانب سے سال 2025 کے مالی نتائج کا اعلان

فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ (ایف ایف سی) نے 31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے والے سال کے مالی نتائج کا اعلان 29 جنوری 2026 کو منعقد ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا۔
سال کے بیشتر حصے میں کھاد کی مارکیٹ میں رسد طلب سے زیادہ رہی، جس کی وجوہات میں ناموافق موسمی حالات، فصلوں کی غیر متوازن پیداوار اور کسانوں کی معاشی مشکلات شامل تھیں، جس کے نتیجے میں پوری صنعت میں ذخائر کی سطح بلند رہی۔ تاہم، کمپنی کی مؤثر حکمتِ عملی کے باعث ایف ایف سی پورے سال کے دوران کم ترین ذخیرہ رکھنے والی کمپنی رہی۔
کمپنی نے 73.6 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا، جو فی حصص آمدن 51.7 روپے کے برابر ہے۔ ذیلی اور منسلک اداروں سے 22 ارب روپے کی بلند ڈیویڈنڈ آمدن اور 17.4 ارب روپے کی سرمایہ کاری آمدن مالی کارکردگی میں اہم کردار ادا کرنے والے عوامل رہے۔
مجموعی یوریا پیداوار 29 لاکھ 3 ہزار ٹن رہی، جبکہ ڈی اے پی کی پیداوار 8 لاکھ 37 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی۔ یوریا اور ڈی اے پی کی اوسط پیداواری صلاحیت بالترتیب 112 فیصد اور 124 فیصد رہی۔ سال کے دوران یوریا کی مجموعی فروخت 28 لاکھ 86 ہزار ٹن جبکہ ڈی اے پی کی فروخت 8 لاکھ 34 ہزار ٹن رہی۔
کمپنی نے قومی خزانے کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے 110.07 ارب روپے ٹیکسز اور لیویز کی مد میں ادا کیے، جو گزشتہ سال کے 94.11 ارب روپے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ مزید برآں، مقامی سطح پر تیار کی جانے والی کھادوں کے باعث درآمدی متبادل کے ذریعے تقریباً 1.2 ارب امریکی ڈالر کا زرِ مبادلہ بچایا گیا۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے والے سال کے لیے فی حصص 8.5 روپے یعنی 85 فیصد حتمی نقد ڈیویڈنڈ کا بھی اعلان کیا۔ یہ اس کے علاوہ ہے کہ اس سے قبل 28.50 روپے فی حصص یعنی 285 فیصد عبوری ڈیویڈنڈ ادا کیا جا چکا ہے۔



