اشتیاق عباسی قتل کیس: چاروں ملزمان گرفتار، ڈی آئی جی آپریشنز کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (احمد ضمیر سے) اسلام آباد پولیس نے اشتیاق عباسی قتل کیس میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چاروں مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گرفتاری اسلام آباد پولیس، مانسہرہ پولیس اور مقامی افراد کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
واضح رہے کہ 9 اپریل کو تھانہ کھنہ کی حدود میں اشتیاق عباسی نامی شخص کو قتل کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول کو مبینہ طور پر منشیات فروش گروہ کی جانب سے نشانہ بنایا گیا، اور اس واردات کا مرکزی ملزم عامری نامی شخص قتل کے فوراً بعد فرار ہو گیا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کیس کی حساسیت اور سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر دو علیحدہ ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ایک ٹیم ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں کیس کی تفتیش پر مامور کی گئی، جب کہ دوسری ٹیم ایس ایس پی آپریشنز کی قیادت میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے متحرک کی گئی۔
ایس پی سواں اور تھانہ کھنہ پولیس نے دن رات چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھیں۔ پولیس کی مختلف ٹیموں نے ملک کے مختلف صوبوں کے 9 اضلاع میں مجموعی طور پر 131 چھاپے مارے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ مسلسل محنت، ٹیکنیکل معاونت اور مقامی افراد کی معلومات کی بنیاد پر گزشتہ شب اسلام آباد پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چاروں مطلوبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس گروہ کے مزید سہولت کاروں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے پریس کانفرنس کے اختتام پر اسلام آباد پولیس، مانسہرہ پولیس اور مقامی شہریوں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔