اہم خبریں

کھوکھوں کی مسماری کا خدشہ، 1500 سے زائد خاندان متاثر ہونے کا اندیشہ

گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان شہر میں کھوکھاجات مسمار کرنے کے خدشات پر کھوکھا یونین کے عہدیداران اور ممبران کی کھوکھا یونین کے صدر تیمور وارثی اور دیگر عہدیداران پوٹھوہار پریس کلب گوجرخان پہنچ گئے، جہاں مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ جواد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما محسن صغیر بھٹی نے بھی ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ تاجر رہنما اختر بٹ مرزا محمود نذر،راشد بٹ ،حاجی بشارت حسین، شیخ آفتاب، راجہ غالب حسین، تاج خان، موید نقوی ،ساجد جاوید، جاوید اقبال بٹ بھی موجود تھے کھوکھا یونین کے صدر تیمور وارثی نے کہا کہ کھوکھا مالکان تمام واجب الادا ٹیکس اور کرایہ باقاعدگی سے ادا کرتے رہے ہیں۔ تیمور وارثی نے مزید کہا کہ جب ہم اپنے تمام ٹیکسز اور کرایہ باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں تو ہمارے ساتھ یہ ظلم کیوں کیا جا رہا ہے؟ ہمارے بچوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کہ کھلی ناانصافی اور جبر ہے۔ ہم پرامن لوگ ہیں لیکن اگر ہمارا روزگار چھینا گیا تو ہم سخت اقدام پر مجبور ہوں گے کیونکہ ہمارے پاس کوئی اور ذریعہ معاش نہیں۔” مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ جواد نے کہا کہ دہائیوں سے قائم کھوکھے سینکڑوں غریب خاندانوں کے معاش کا واحد ذریعہ ہیں۔ ان کی مسماری نہ صرف 315 کھوکھوں کے خاتمے کا باعث بنے گی بلکہ اس کے نتیجے میں تقریباً 1500 خاندان فاقوں پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام معاشی قتل کے مترادف ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما محسن صغیر بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ “کھوکھوں کی مسماری سے سینکڑوں غریب خاندانوں کا چولہا ٹھنڈا ہو جائے گا۔ سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کھوکھا ایسوسی ایشن اور کھوکھا مالکان کی آواز ہر فورم پر بلند کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے غریب اور محنت کش طبقے کی جماعت رہی ہے اور آئندہ بھی چھوٹے تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ “سستا بازار اور کھوکھوں کے یہ چھوٹے تاجر شہر کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ اگر یہ دکانیں گرائی گئیں تو یہاں سے رزق کمانے والے خاندان فاقوں پر مجبور ہو جائیں گے اور شہر کا معاشی توازن بری طرح متاثر ہوگا۔” اس موقع پر کھوکھا مالکان نے مطالبہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی کھوکھوں کو مسمار کرنے کے معاملے کو پنجاب اسمبلی کے فورم پر اجاگر کریں تاکہ ہمارا استحصال نہ ہو اور غریب تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button