نمائندگان کی خبریں

کندھ کوٹ میں ایس یو پی کی بڑی امن ریلی، مزمل اور گل حسن کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ، قبائلی جھگڑے ختم کرنے پر زور

کندھ کوٹ (علی نواز شیخ)کندھ کوٹ میں ایس یو پی کی جانب سے امن اور عوامی تحفظ کے حق میں بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی، قبائلی جھگڑوں اور قتل و غارت کے واقعات کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مزمل اور گل حسن کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور علاقے میں پائیدار امن قائم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ریلی کا آغاز ایس یو پی ہاؤس سے ہوا اور لائبریری چوک تک جاری رہی۔

ریلی کی قیادت دلمراد دھانی اور سرمد جاگیرانی نے مشترکہ طور پر کی، جنہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور جرائم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر قاتلوں کی گرفتاری، قبائلی جھگڑوں کے خاتمے اور امن کے قیام کے مطالبات درج تھے۔مظاہرین نے کہا کہ حالیہ دنوں میں کندھ کوٹ میں قبائلی جھگڑوں، قتل اور دیگر جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیل گئی ہے۔ انہوں نے حکومت اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر فوری عمل نہ کیا گیا تو احتجاج کی شدت میں اضافہ کیا جائے گا۔ مظاہرین نے تاکید کی کہ عوامی حقوق، جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن قائم کرنے کے لیے سب کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی ہوگی۔ریلی میں مختلف حلقوں، سیاسی اور سماجی شخصیات، اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا، جس سے واضح ہوا کہ عوام اندر موجودہ صورتحال سے انتہائی پریشان ہیں اور امن کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔مظاہرین نے یہ بھی کہا کہ صرف احتجاج اور مظاہروں سے مسئلے حل نہیں ہوں گے بلکہ پولیس اور انتظامیہ کو بھی سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ قاتل گرفتار ہوں اور قبائلی جھگڑے ختم ہوں۔ریلی کا اختتام لائبریری چوک پر ہوا، جہاں قائدین دلمراد دھانی اور سرمد جاگیرانی نے عوام کو امن قائم رکھنے اور قانون کی حمایت کرنے کی تلقین کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button