ٹرانسفارمر چوری کرنے والا گروہ دوبارہ متحرک

سب ڈویژن نیلور میں ٹرانسفارمر چوری کرنے والا گروہ دوبارہ متحرک
ایس ڈی او نیلور کی بروقت حکمتِ عملی، صارفین کو ٹرانسفارمر چوری سے آگاہ کر دیا
اسلام آباد (نمائندہ عوامی للکار) سب ڈویژن نیلور کے ایس ڈی او کی جانب سے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ایک اہم پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں بجلی صارفین کو ٹرانسفارمر چوری کرنے والے گروہ سے خبردار کیا گیا ہے۔
ایس ڈی او نیلور نے کہا ہے کہ ان کے صارفین کی سہولت اور قیمتی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی یہ اطلاع ملی کہ ٹرانسفارمر چوری کرنے والا گروہ دوبارہ متحرک ہو گیا ہے، فوراً عوام کو آگاہ کرنا ضروری سمجھا گیا تاکہ قیمتی بجلی کے آلات کو بچایا جا سکے۔
انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ اگر رات کے وقت اچانک بجلی بند ہو جائے یا کسی علاقے میں آگ یا مشکوک سرگرمی دیکھنے میں آئے تو فوری طور پر اپنے علاقے کے ٹرانسفارمرز کو چیک کریں۔ اگر چوری کی کوشش ہو رہی ہو تو بغیر وقت ضائع کیے پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔
ایس ڈی او نیلور نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر بجلی کے نظام کو چوروں سے محفوظ رکھنا ممکن نہیں، اس لیے ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ادارے کے ساتھ کھڑا ہو۔ ان کے مطابق ادارہ واپڈا اپنی صلاحیت کے مطابق دن رات محنت کر رہا ہے اور عوامی اعتماد ہی ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
آئیسکو کے صارفین نے ایس ڈی او نیلور کے اس بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو وقت پر آگاہ کرنا قابلِ تحسین ہے، کیونکہ اس طرح چوری جیسے سنگین مسئلے پر قابو پانے میں آسانی ہوگی۔