مسلم لیگ ہاؤس راولپنڈی میں پاک فوج سے یکجہتی کے لیے اہم اجلاس، ریلی کی تیاریوں کا جائزہ

راولپنڈی: رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی قیادت میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی کی تیاریوں کے لیے مسلم لیگ ہاؤس راولپنڈی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمنٹیرینز اور لیگی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



اجلاس میں شریک اراکینِ اسمبلی میں ایم این اے سیمہ جیلانی، فرحا اکبر ناز، عاسیہ تنولی، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، ایم پی اے عاصمہ عباسی، زیبن النساء اعوان، تحسین فواد، طاہرہ مشتاق، سابقہ ایم پی اے لبنہ ریحان سمیت راولپنڈی کی پارٹی عہدیداران اور متعدد خواتین کارکنان شامل تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان کی عوام ہر مشکل گھڑی میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یہ ریلی نہ صرف قومی یکجہتی کا مظہر ہے بلکہ دشمن کو یہ پیغام بھی دیتی ہے کہ قوم اور افواجِ پاکستان متحد ہیں۔ مقررین نے کہا کہ حالیہ واقعات نے دنیا کو دکھا دیا کہ قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے اور اپنے حوصلے اور قربانیوں سے تاریخ رقم کی۔
آخر میں پاک فوج سے یکجہتی، ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔