جمہوریہ روانڈا کےایئر چیف کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

روانڈا کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل جین جیکس موپینزی کی قیادت میں جمہوریہ روانڈا کے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ یہ دورہ مشترکہ تربیتی اقدامات کے زریعے دوطرفہ تعاون کے لیئے نئی راہیں استوار کرکے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ دفاعی تعلقات کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
روانڈا کے وفد کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے لیفٹیننٹ جنرل جین جیک موپینزی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
بعد ازاں ملاقات کے دوران چیف آف دی ائیر اسٹاف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے آپریشنل ڈھانچے، اس کے اہداف اور دور جدید کی جنگی حکمت عملیوں کے پیشِ نظر پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے کے لیئے جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے رونڈا ایئر فورس میں انسانی وسائل، مینٹیننس کے دائرہ کار اور آپریشنل ٹریننگ کی بہتری کے لیئے پاک فضائیہ کی جانب سے ہر ممکن مدد کی فراہمی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل جین جیکس موپینزی نے پیشہ ورانہ تربیت کے معیار، جدید انفراسٹرکچر اور ملٹی ڈومین صلاحیتوں میں پاک فضائیہ کی جانب سے کی گئی بھرپور ترقی پر اسکی تعریف کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی دفاعی ہوا بازی میں بہترین کارکردگی اور خود کو جدت سے ہم کنار کرنے کا عزم اقوام عالم کے لیے ایک بہترین نمونہ ہے۔ روانڈا کے ائیر چیف نے عصر حاضر کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک فضائیہ کی معاونت سے روانڈا کی فضائی صلاحیتوں کو بڑے پیمانے پر وسعت اور فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اپنے دورے کے دوران معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے ساتھ شراکت داری کی اپنی خواہش کا اظہار کیا جس میں روانڈا کے فضائی عملے کی بنیادی اور زمینی عملے کی تکنیکی تربیت کے لیے جامع تربیتی پروگرامز کا قیام شامل ہے۔ وفد نے اپنے دورے کے دوران نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشن سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
لیفٹیننٹ جنرل جین جیکس موپینزی کا ایئر ہیڈ کوارٹر، اسلام آباد کا یہ دورہ روانڈا کی جانب سے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی فضائیہ کی تنظیم نو کی دیرینہ خواہش کا منہ بولتا ثبوت ہے۔