اہم خبریں

ٹریفک جام، رشوت، تجاوزات: عوامی للکار کی خبر پر ایکشن، ڈسٹرکٹ آفیسر توصیف احمد معطل

راولپنڈی (احمد ضمیر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے واضح احکامات کے باوجود بند کھنہ روڈ سے کھنہ پل تک ناجائز تجاوزات اور غیرقانونی ٹھیلوں کا قبضہ برقرار تھا۔ روزنامہ عوامی للکار نے اس سنگین مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے عوامی مشکلات، رشوت ستانی اور ضلعی کونسل کی مبینہ ملی بھگت پر تفصیلی رپورٹ شائع کی تھی، جس پر شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج اور فوری ایکشن کا مطالبہ کیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق، ضلعی کونسل کے بعض اہلکاروں کی سرپرستی میں سرکاری سڑکوں پر غیرقانونی ٹھیلے اور سٹالز لگائے گئے تھے، جہاں سے ہر ماہ پانچ سو سے ایک ہزار روپے تک منتھلی وصول کی جاتی تھی۔ علاقہ مکینوں نے الزام لگایا تھا کہ یہ رقم ایریا انسپکٹر کے ذریعے مبینہ طور پر اعلیٰ افسران تک پہنچائی جاتی ہے۔ اس صورتحال نے نہ صرف سڑکوں کو تنگ کر دیا تھا بلکہ روزمرہ ٹریفک جام معمول بن چکا تھا، جس سے پیدل چلنے والے اور دکاندار شدید پریشان تھے۔ روزنامہ عوامی للکار کی خبر منظر عام پر آنے اور شہریوں کی شکایات کے بعد کمشنر راولپنڈی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر ضلع کونسل، توصیف احمد کو عہدے سے ہٹا دیا۔ ذرائع کے مطابق، توصیف احمد کی برطرفی غفلت برتنے اور تجاوزات کے خاتمے میں ناکامی کے باعث عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ نئے آفیسر کی تعیناتی آئندہ 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔ شہریوں نے فوری کارروائی پر کمشنر راولپنڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزنامہ عوامی للکار نے عوامی مسائل کی ترجمانی کرتے ہوئے حقائق سامنے لا کر ایک بڑا کام کیا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ تجاوزات مافیا اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر حقیقی معنوں میں عمل ہو سکے اور شہر کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button