عشرہ محرم عزا خانہ رفعت ہاشمی میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

اسلام آباد (احمد ضمیر سے) سید شمعون ہاشمی کی رہائش گاہ پر قائم عزا خانہ رفعت ہاشمی میں عشرۂ محرم الحرام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ آٹھ محرم الحرام کو عزا خانے سے برآمد ہونے والے جلوسِ علم و ذوالجناح میں سینکڑوں عزادارانِ حسینؑ نے شرکت کی، جنہوں نے بغیر کسی مذہبی و مسلکی امتیاز کے نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ آٹھ روزہ مجالس عزا سے معروف عالم دین مولانا سید عمران حسین زیدی آف کراچی نے “مقامِ اہل بیت علیہم السلام بزبانِ خالقِ اہل بیت” کے موضوع پر روح پرور خطاب کیا۔ مجالس میں جڑواں شہروں کے ممتاز مرثیہ خواں، سلام خوان اور ماتمی تنظیموں نے بھرپور شرکت کی اور نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر نامور شعرا و ادبی شخصیات بشمول محترمہ کشور ناہید، شکیل جازب، خرم خلیق اور معروف اداکار عمران عباس نے بھی سلامِ عقیدت پیش کیا۔ آٹھ محرم کو مجلس کے بعد شبیہہ ذوالجناح اور علم حضرت عباسؑ برآمد کیے گئے۔ نیاز، لنگر اور دیگر انتظامات کو حاضرین نے سراہا اور مجالس کے منتظمین کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ ٹریفک اور سکیورٹی کے مثالی انتظامات پر اسلام آباد پولیس سے اظہارِ تشکر کیا گیا۔