کھیوڑہ میں عوام کا فتح کا جذبہ، فخر کا اظہار: کھیوڑہ میں افواجِ پاکستان سے یکجہتی کی ریلی

ریلی کا انعقاد مسلم لیگ ن کے نوجوان رہنما سید فضل حیدر نے پاک فوج سے اظہارِ محبت اور جذبۂ حب الوطنی کے تحت کیا۔
پنڈ دادنخان (سرفراز عباس سے) —
کھیوڑہ میں بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں افواجِ پاکستان کی جانب سے جرات مندانہ، دندان شکن کارروائی پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کھیوڑہ شہر میں ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی کا اہتمام مسلم لیگ ن کے نوجوان رہنما سید فضل حیدر نے فوج سے اظہار یکجتی اور جذبہ حب الوطنی کے تحت کیا
ریلی پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کے مظاہرے کے طور پر نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے جوش و جذبے سے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز شہر کے مشہور حیدری چوک سے ہوا جہاں شرکاء نے قومی پرچم تھامے، وطن سے محبت کے نعرے لگاتے ہوئے شہر کی مختلف شاہراہوں پر مارچ کیا۔ “پاک فوج زندہ باد”، “ہمیں اپنی فوج پر ناز ہے”، اور “دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے” جیسے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر وطن عزیز سے محبت، قومی یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف شدید ردِعمل درج تھا۔ ریلی میں ہر عمر کے فرد نے ملی جوش و جذبے سے شرکت کی۔
مقررین نے اپنے جذباتی خطابات میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خوشحالی، اور افواجِ پاکستان کی کامیابی و حفاظت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔۔
انتظامیہ کی طرف سے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے