راول ڈیم میں خطرے کی گھنٹی، ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد (نمائندہ عوامی للکار) — وفاقی دارالحکومت اور گرد و نواح میں جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پانی کی سطح 1,750 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جس کے بعد سپل ویز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سپل ویز آج صبح 11 بجے کھول دیے جائیں گے تاکہ اضافی پانی کا بہاؤ ممکن بنایا جا سکے اور ڈیم پر دباؤ کو کم کیا جا سکے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
مزید برآں، راول ڈیم کے ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ممکن ہو تو محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے۔