راولپنڈی پوسٹ آفس کمرشل میں پارسل ڈلیوری سٹاف غائب، عوام ذلیل و خوار

راولپنڈی (مصطفی پرویز سے) کمرشل مارکیٹ راولپنڈی میں واقع پاکستان پوسٹ آفس میں پارسل ڈلیوری سٹاف کی غیر حاضری نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد روزانہ اپنے پارسل وصول کرنے کے لیے پوسٹ آفس کے چکر لگاتی ہے، مگر عملے کی غیر موجودگی کی وجہ سے انہیں خالی ہاتھ لوٹنا پڑتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ صرف عملہ وقت پر ڈیوٹی پر موجود نہیں ہوتا بلکہ ان سے بات کرنے والا بھی کوئی دستیاب نہیں ہوتا۔ متاثرہ شہریوں نے پوسٹ ماسٹر جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔دوسری جانب پوسٹ آفس کے اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ تمام پوسٹ آفسز کی اوقات کار صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک مقرر کی گئی ہیں، اور اس دوران دو مختلف شفٹوں میں عملہ کام کرتا ہے۔سینئر پوسٹ ماسٹر نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ “پارسل ڈلیوری سٹاف کی ڈیوٹی شام 4 بجے ختم ہو جاتی ہے، اور وہ مقررہ وقت پر چلے جاتے ہیں۔” تاہم، اس مؤقف نے عوامی شکایات کا ازالہ نہیں کیا کیونکہ عوام کا کہنا ہے کہ اکثر اوقات 4 بجے سے بہت پہلے ہی عملہ غائب ہوتا ہے اور شہری گھنٹوں انتظار کرنے کے باوجود مایوس لوٹتے ہیں۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پوسٹ آفس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے حاضری نظام، نگرانی اور جواب دہی کے عمل کو مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔