اہم خبریں

فوجی فرٹیلائزر پی آئی اے خریدنے والے عارف حبیب کنسورشیم کا حصہ بن گئی

اسلام آباد (محمد فیصل ندیم سے) فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر نے کمپنی کو پی آئی اے خریدنے والے عارف حبیب کنسورشیم کا حصہ بنانے کی منظوری دے دی۔ نجی میڈیا گروپ کے مطابق کنسورشیم میں شمولیت کی منظوری فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 24 دسمبر کو ہوئے اجلاس میں دی، منظوری کے تحت فوجی فرٹیلائزر کو عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ کی قیادت میں قائم کنسورشیم میں شامل ہونے اور پی آئی اے سی ایل میں براہِ راست یا کسی اسپیشل پرپز وہیکل (ایس پی وی) کے ذریعے ایکویٹی حصص حاصل کرنے کا اختیار دیا گیا۔ بورڈ نے کنسورشیم، نجکاری کمیشن اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ تمام ضروری معاہدات اور دستاویزات پر دستخط کرنے کی بھی اجازت دی۔ عارف حبیب کنسورشیم میں فوجی فرٹیلائرز کے علاوہ کئی نمایاں کمپنیاں بھی شامل ہیں جن میں فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، دی لیک سٹی ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، اے کے ڈی گروپ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور سٹی اسکولز (پرائیویٹ) لمیٹڈ شامل ہیں۔ یہ تمام ادارے مل کر ایئرلائن میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری اور آپریشنل مہارت لانے کے مقصد سے مشترکہ بولی کا حصہ ہیں۔ تاہم یہ بات زیر نظر رہے کہ منظوری کے بعد قانونی کارروائی کا مرحلہ باقی ہے، اس مرحلے کی تکمیل کی راہ میں کئی شرائط موجود ہیں جن میں نجکاری کمیشن کی جانب سے لیٹر آف ایکسیپٹنس کا اجرا، تمام فریقین کے درمیان حتمی معاہدات پر دستخط اور حصول کے لیے درکار ریگولیٹری، کارپوریٹ اور قانونی منظوریاں شامل ہے۔واضح رہے کہ عارف حبیب کنسورشیم نے سب سے بولی دے کر پی آئی اے کے 75 فیصد حصص خریدے ہیں، لکی کنسورشیم نے 134 ارب روپے کی بولی دی تاہم عارف حبیب کنسورشیم نے بولی بڑھا کر 135 ارب روپے لگائی اور جیت لی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button