سینیٹر دنیش کمار کی میر صادق سنجرانی کے خلاف سوشل میڈیا مہم کی شدید مذمت

“بلوچستان عوامی پارٹی متحد و منظم ہے، ہر سازش کا مقابلہ کریں گے”
اسلام آباد (نمائندہ عوامی للکار) — بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر دنیش کمار نے پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری بے بنیاد، گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ میر صادق سنجرانی کی قومی سیاست میں بلند مقام اور بے داغ شہرت سے مخالفین خائف ہیں اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر سوشل میڈیا پر جھوٹی اور من گھڑت خبریں چلوائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی نے ہمیشہ اصولوں، بردباری اور مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا اور ہر فورم پر بلوچستان کے عوام کی بھرپور ترجمانی کی۔
سینیٹر دنیش کمار کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنان اپنے رہنماؤں کی کردار کشی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور ایسے عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا جو اس گھناؤنی مہم کا حصہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی متحد اور منظم ہے، اور کسی بھی سیاسی یا سوشل میڈیا مہم سے گھبرانے والی نہیں۔ پارٹی ہر قسم کے منفی حربوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور اپنے قائدین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی۔