اسلام آباد سینٹورس مال کی سی ڈی اے منظور شدہ پارکنگ سے موٹر سائیکل چوری، سیکیورٹی پر سنگین سوالات اٹھ گئے

اسلام آباد (مصطفی پرویز سے) وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقے میں واقع سینٹورس مال کی پارکنگ سے موٹر سائیکل چوری کی واردات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، فرہاد نامی شہری نے اپنی 125 سی سی ہنڈا موٹر سائیکل سینٹورس مال کی پارکنگ میں کھڑی کی۔ موٹر سائیکل پارکنگ میں کھڑی کرتے وقت اُسے باقاعدہ پارکنگ پرچی بھی جاری کی گئی، جس پر واضح طور پر “سی ڈی اے منظور شدہ پارکنگ” درج تھا۔ تاہم، واپسی پر جب وہ اپنی موٹر سائیکل لینے آیا تو وہ وہاں موجود نہ تھی۔متاثرہ شہری نے فوری طور پر تھانہ مارگلہ میں رپورٹ درج کرواتے ہوئے سینٹورس مال کی پارکنگ انتظامیہ کے خلاف نامزد درخواست جمع کروا دی ہے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر سی ڈی اے منظور شدہ پارکنگ میں بھی چوری کی وارداتیں ہونے لگیں تو عوام کے لیے تحفظ کا تصور ختم ہو جائے گا۔ ایسے واقعے حساس مقامات کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کو ٹریس کیا جا سکے۔