کیپیٹل ہسپتال میں اے آئی پر مبنی ریڈیولاجی اسکریننگ متعارف

کیپیٹل ہسپتال کا علی بابا میڈیکل اے آئی کیساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط، کیپیٹل ہسپتال میں اے آئی پر مبنی ریڈیولاجی اسکریننگ متعارف

کیپیٹل ہسپتال نے جمعہ کے روز علی بابا میڈیکل اے آئی کیساتھ امیجنگ ریڈیولاجی میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی اسکریننگ حل متعارف کرانے کیلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے۔ یہ تقریب کیپیٹل ہسپتال میں منعقد ہوئی جسمیں کیپیٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نعیم تاج اور سنئیر ڈاکٹرز سمیت علی بابا اے آئی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ یہ اقدام چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کے وژن اور سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود کی رہنمائی میں عوامی صحت کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔اس اشتراک کے تحت کیپیٹل ہسپتال کے ریڈیولاجی ڈیپارٹمنٹ میں جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز کو ضم کیا جائیگا تاکہ امیجنگ کی تشریح اور اسکریننگ کے عمل کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ اس اقدام کا مقصد تشخیصی کی درستگی، امراض کا جلد پتہ لگانے، کام کی رفتار و کارکردگی کو بہتر بنانا اور مریضوں کی دیکھ بھال کے مجموعی معیار کو بلند کرنا ہے۔

اے آئی پر مبنی ریڈیولاجی حل طبی ماہرین کو طبی امیجز کا صحیح تجزیہ فراہم کرکے معاونت فراہم کرینگے، جس سے طبی فیصلہ سازی میں مضبوطی آئیگی۔ اسی طرح رپورٹنگ میں لگنے والے وقت میں کمی آنے کیساتھ ساتھ شعبہ کی کارکردگی میں بھی بہتری آئیگی۔ یہ اقدام سی ڈی اے کے صحت عامہ کے اداروں میں ڈیجیٹل انوویشن اور سروسز کی فراہمی میں بہتری کو یقینی بنانا ھے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل ہسپتال ڈاکٹر نعیم تاج نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر شہریوں کو بہتر سے بہترین علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے یہ اشتراک کیپیٹل ہسپتال میں صحت عامہ کی بہتری کیلئے مستقبل پر مبنی اقدامات کی عکاسی کرتا ہے، جس سے مریض جدید ترین طبی ٹیکنالوجیز سے مستفید ہو سکیں گے اور طبی ماہرین کو قابل اعتماد تشخیصی آلات فراہم ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علی بابا میڈیکل اے آئی کیساتھ مفاہمتی یادداشت جدید ڈیجیٹل صحت عامہ کے طریقوں کو اپنانے اور جدت کے ذریعے مریضوں کے نتائج کو مسلسل بہتر بنانے کیلئے سی ڈی اے قیادت کے اسٹریٹجک وژن سے کیپیٹل ہسپتال کے عزم کو واضح کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو بہتر سے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال میں لانا ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس ٹیکنالوجی کے کیپیٹل ہسپتال میں شامل ہونے سے جلد ہی کیپیٹل ہسپتال کا شمار ملک کے بہترین ہسپتالوں میں ہوگا۔



