اے پی این ایس پنجاب کمیٹی کا اہم اجلاس! حکومت اور پرنٹ میڈیا میں نئے فیصلے — اخبارات جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں” — طاہر رضا ہمدانی کا مشورہ

آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (APNS) پنجاب کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جمیل اطہر قاضی کی زیر صدارت لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں حکومت اور پرنٹ میڈیا کے تعلقات، اخبارات کے بقایاجات کی ادائیگی اور اشتہارات کے طریقہ کار کو آسان بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سیکرٹری انفارمیشن پنجاب طاہر رضا ہمدانی اور ڈی جی پی آر فرید احمد نے یقین دہانی کرائی کہ علاقائی اخبارات کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔
لاہور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی پنجاب کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جمیل اطہر قاضی کی زیرصدارت مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں حکومت اور پرنٹ میڈیا تعلقات، پنجاب حکومت کے ایڈورٹائزمنٹ بجٹ میں پرنٹ میڈیا کا حصہ، اخبارات کے بقایا جات اور ادائیگیوں کے طریقہ کار کو آسان بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں پنجاب حکومت کی طرف سے سیکرٹری انفارمیشن پنجاب طاہر رضا ہمدانی اور ڈی جی پی آر فرید احمد شریک ہوئے جبکہ اے پی این ایس کی طرف سے چیئرمین جمیل اطہر قاضی کے علاوہ روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی، جوائنٹ سیکرٹری اے پی این ایس محسن بلال (اوصاف) ایس ایم منیر جیلانی (پیغام) سید سجاد بخاری (ابتک)ہمایو ں گلزار (سیادت) عمران رضا (ڈان) بلال محمود (نوائے وقت) محمد فاروق (پاکستان) فہد صفدر (سرزمین) نوراللہ (جنگ) امجد اقبال (جناح) نوید چودھری (ڈیلی سٹی 42) عمران اطہر (جرأت) رحما ن اطہر (دی بزنس) ، اشرف سہیل ( مشرق)اور علی سجاد (منٹ مرر) شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی جی پی آر اور اے پی این ایس کے درمیان نہ صرف بقایا جات کی ادائیگی کا فارمولہ طے پا چکا ہے بلکہ ادائیگیوں کے طریقہ کار کو آسان بنانے کیلئے بعض مثبت فیصلے کیے جا چکے ہیں جن پر عملدرآمد شروع ہے۔ اجلاس میں علاقائی اخبارات کو آئی پی ایل اور کلر ایس پی ایل کے اجراءکے حوالے سے بھی سوال اٹھایا گیا جس پر سیکرٹری انفارمیشن نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس مسئلے کو نہ صرف حل کریں گے بلکہ آئندہ میٹنگ سے پہلے اس پر عملدرآمد بھی شروع ہو جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری انفارمیشن پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے کہا کہ حکومت اور پرنٹ میڈیا کے تعلقات مثالی ہیں، ہم انہیں مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے تجویز کیا کہ اخبارات اپنے آپ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے اصلاحات کریں، اخبارات کو ریڈرشپ میں اضافے اور زیادہ سے زیادہ عوام تک رسائی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کرنا چاہیے۔
چیئرمین اے پی این ایس پنجاب کمیٹی جمیل اطہر قاضی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، ارکان کی رائے سنی، ان پر تجاویز بھی دیں۔ اپنے خطاب میں جمیل اطہر قاضی نے کہا کہ حکومت اور پرنٹ میڈیا کے تعلقات جتنے فرینڈلی اس وقت ہیں اس سے پہلے کبھی نہ تھے۔
انہوں نے سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی اور ڈی جی پی آر فرید احمد کا اس خصوصی اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا


