فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی، وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور اس کے عوام فلسطینی بھائیوں کے حقِ خودارادیت، آزادی اور وقار کی جدوجہد کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران، شہری انفراسٹرکچر کی تباہی اور بے گھر ہونے والے افراد کی صورتحال عالمی برادری کی ذمہ داری یاد دلاتی ہے کہ بین الاقوامی قانون اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، غزہ کے عوام تک بلا رکاوٹ انسانی امداد پہنچائی جائے اور تعمیرِ نو کا عمل بلا تاخیر شروع کیا جائے۔ وزیراعظم نے فلسطینی علاقوں کے الحاق، جبری بے دخلی اور مقبوضہ فلسطینی علاقے کی جغرافیائی و آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کو مسترد کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور عرب امن اقدام کے مطابق فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ، پائیدار اور جامع حل کے لیے پرعزم ہے۔ اس حل کے تحت جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے۔
ماخذ: وزارتِ اطلاعات و نشریات، حکومتِ پاکستان (پی آئی ڈی)



