آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کی گوجر خان میں کھلی کچہری آج ہو گی

تھانہ جاتلی ڈھوک غازی سے غائب (ش ف) کی عدم بازیابی پر بھی متاثرین پیش ہونگے
آئی ایم آئی نمبر اور موبائل سم نمبرز دینے کے باوجود 2ہفتوں میں پولیس ناکامی سوالیہ نشان
راولپنڈی (عبدالرحمان سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا آج جمعہ 23اکتوبر کو شام 4بجے تھانہ گوجر خان ضلع راولپنڈی میں کھلی کچہری کا انعقاد کرینگے۔ اس موقع پر ریجن بھر کے شہری پولیس سےمتعلقہ شکایات کےازالے کیلئے درخواست کے ہمراہ پیش ہو سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق شکایات کے ازالہ کیلئے موقع پر احکامات جاری اور پولیس حکام کی غفلت پر فوری ایکشن لیا جائیگا۔ اس کھلی کچہری میں 8اکتوبر کو تھانہ جاتلی کی حدود ڈھوک غازی سے پراسرار غائب ہونیوالی (ش ف) کا ایشو اہمیت کا حامل ہو گا جس میں پولیس کو آئی ایم آئی نمبر‘ موبائل کا ماڈل اور زیر استعمال 2موبائل سم نمبرز دینے کے باوجود جاتلی پولیس 2ہفتوں میں بھی مغویہ کو بازیاب نہیں کرا سکی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس اپنی روایتی سستی اور غریب مدعی کے خرچے کروانے کے باوجود عملی اور نتیجہ خیز اقدامات نہیں کر سکی۔ پولیس کو زیر استعمال سم کا ڈیٹا نکلوا کر کال ریکارڈ کے ذریعے بھی سراغ لگا لینا چاہئے تھا لیکن پندرہ دن گزرنے کے باوجود ایسا نہیں ہو سکا۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب‘ آئی جی پنجاب‘ ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سمیت تمام متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ مغویہ کی بازیابی کیلئے جاتلی اور گوجر خان پولیس کو 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی جائے۔



