آئی سی سی آئی کا کاروباری برادری کے لیے 100 عازمینِ حج کا کوٹہ مختص کرنے کا مطالبہ

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا مثبت ردعمل، حج 2027 کے لیے تجویز پر عمل درآمد کا عندیہ
اسلام آباد(فرحین سے) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری کو حج کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے چیمبر کے ذریعے 100 عازمینِ حج کا خصوصی کوٹہ مختص کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے اس تجویز پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ اسے آئندہ حج سے نافذ کیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے آئی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر چیمبر کی نومنتخب قیادت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت حج 2027 کے لیے جامع انتظامات کر رہی ہے اور پاکستانی عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ تین برسوں کے لیے تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار افراد حج کی رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ پاکستان کا سالانہ حج کوٹہ ایک لاکھ 80 ہزار ہے۔ ان کے مطابق عازمینِ حج کا انتخاب پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
سردار محمد یوسف نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے، کاروباری برادری کے مسائل اجاگر کرنے اور ملکی معیشت کے فروغ کے لیے آئی سی سی آئی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعمیری روابط کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں چیمبر کا کردار اہم ہے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان اور بریگیڈیئر (ر) شہزاد اعوان بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔
آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے وفاقی وزیر کو چیمبر کے آئندہ منصوبوں سے آگاہ کیا، جن کا مقصد اسلام آباد اور گردونواح میں معاشی خوشحالی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور فلاحی اقدامات کو تقویت دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر جلد ایک شاندار محفلِ نعت کا اہتمام کرے گا اور وفاقی وزیر کو بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت بھی دی۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ اور نائب صدر محمد وقاص خان نے وفاقی وزیر کو آئی سی سی آئی کے طریقۂ کار، اہم سرگرمیوں اور نمایاں کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
تقریب میں آئی سی سی آئی کے سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور چیمبر کے ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



