اہم خبریں

سی ڈی اے اور فرانسیسی ادارہ برائے ترقی (AFD) کا اسلام آباد میں پانی کے شعبے کی بہتری پر تعاون کا فیصلہ

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی جمعرات کے روز فرانسیسی ادارہ برائے ترقی، اے ایف ڈی (AFD) کے وفد سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں پانی سے متعلق ممکنہ منصوبوں میں معاونت کے حوالے سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔

ملاقات میں اے ایف ڈی کے وفد کے ساتھ پانی کے شعبے میں اصلاحات اور بہتری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کا بنیادی مقصد اسلام آباد واٹر ایجنسی کی ادارہ جاتی تعمیر اور پانی کی بہتری کیلئے تکنیکی معاونت و تعاون کی راہیں تلاش کرنا تھا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے جدید اور پائیدار حل اپنانے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اسلام آباد واٹر ایجنسی کو جدید سہولیات، بہتر ایچ آر اور جدید ٹیکنالوجی و آلات سے لیس کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان اقدامات سے پانی کے ضیاع کو روکنے، لائن لاسز کو ختم کرنے اور پانی کے استعمال اور بچت کیلئے متعدد اقدامات شامل ہیں۔

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد واٹر کی ادارہ جاتی اور انتظامی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔ جسکے تحت جدید ایچ آر سسٹم اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے آمدنی میں اضافہ اور مالی استحکام کو یقینی بنایا جائیگا۔ اسی طرح سملی ڈیم واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، ٹرانسمشن مینز اور سروس ریزوائرز کی بحالی کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔

ملاقات میں اسلام آباد میں واٹر میٹرنگ کے نظام کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

اے ایف ڈی کے وفد نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک جامع فزیبلٹی اسٹڈی کے تحت اسلام آباد میں پانی کے مختلف منصوبوں کا تیکنیکی اور مالیاتی پہلوؤں کا جائزہ لیکر اغاز کیا جائیگا۔ ملاقات کے اختتام پر اسلام آباد میں واٹر کے شعبہ میں اصلاحات کیلئے اے ایف ڈی (AFD) کی تیکنیکی معاونت اور تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button