نمائندگان کی خبریں

ملکی حالات کے تناظر میں صحافتی اتحاد وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے: محمد فرقان سلطان

ایبٹ آباد (ذیشان نذیر اعوان سے) حویلیاں آل پاکستان صحافت کونسل کے بانی چیئرمین محمد فرقان سلطان نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے ملکی حالات کے تناظر میں تمام صحافتی تنظیموں اور صحافی برادری کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کے مسائل، صحافیوں کے حقوق، آزادیٔ اظہار کے تقاضوں اور پروفیشنل ازم کے فروغ کے لیے اجتماعی جدوجہد کے بغیر مؤثر نتائج حاصل نہیں کیے جاسکتے۔گزشتہ روز بانی چیئرمین محمد فرقان سلطان نے آل پاکستان صحافت کونسل تحصیل حویلیاں و ایبٹ آباد کے عہدیداران، جن میں سید الطاف حسین شاہ، عابد کریم، ملک اشرف علی، صداقت خان جدون، قاسم اعجاز، امجد خان، عمیر علی.عبدالسلام خان۔شبیر احسین اور دیگر شامل تھے، سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری عدیل خان تنولی اور مرکزی آرگنائزر احمد نواز خان بھی موجود تھے۔ملاقات میں 8 جنوری 2026 کو سرینا ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہونے والے گرینڈ کنونشن کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محمد فرقان سلطان نے بتایا کہ یہ کنونشن پاکستان کی صحافتی تاریخ کا ایک سنگِ میل ثابت ہوگا، جس میں ملک بھر سے صحافتی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وفاقی وزراء محمد عطاء تارڑ اور رانا ثناء اللہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے جبکہ بابائے صحافت اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی شمولیت اس اجتماع کی شان کو مزید دوبالا کر دے گی۔


فرقان سلطان نے کہا کہ افضل بٹ نہ صرف صحافتی دنیا کے معتبر قائد ہیں بلکہ ان کی صحافی برادری کے لیے طویل خدمات تاریخ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آل پاکستان صحافت کونسل کا منشور ملک میں منتشر صحافتی قوتوں کو متحد کرنا اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہے۔ ان کے مطابق اسلام آباد کنونشن اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے، جو قومی سطح پر ایک مضبوط صحافتی نیٹ ورک کی بنیاد ثابت ہوگا۔
اس موقع پر چیئرمین تحصیل حویلیاں سید الطاف حسین شاہ اور مرکزی جنرل سیکرٹری عدیل خان تنولی نے بانی چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ 8 جنوری 2026 کا گرینڈ کنونشن ہر لحاظ سے کامیاب اور تاریخی ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی و تحصیلی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے اور کنونشن کی بھرپور نمائندگی یقینی بنانے کے لیے تیاریاں مکمل زور و شور سے جاری ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button