اہم خبریں

اسلام آباد کو جدید، محفوظ اور اسمارٹ سٹی بنانے کے اقدامات، چیئرمین سی ڈی اے کی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر میٹ کینیل کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ جسمیں ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کو سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں برطانیہ کیساتھ دوطرفہ شراکت داری اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ملاقات میں اسلام آباد کی منظم منصوبہ و ترقی، تعلیم، ماحولیاتی تحفظ اور بالخصوص کھیلوں کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی اور اسے ایک جدید عالمی شہر بنانے کی سی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ملاقات میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد میں بین الاقوامی اور قومی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے دن رات مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی، فٹ بال، ٹینس اور پیڈل ٹینس جیسے کھیلوں کی سہولیات میں اضافہ اور بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اسی طرح اسلام آباد شہر میں کرکٹ کے فروغ دینے کے لئے خاص کر خواتین کیلئے اسلام آباد ویمن کرکٹ ٹیم بھی بنائی جاری ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی اپلفٹنگ کیساتھ پیڈل کورٹس اور دیگر سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ملاقات میں اسلام آباد کو ایک محفوظ ترین اور سمارٹ سٹی بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو محفوظ ترین، خوبصورت ترین اور سمارٹ سٹی میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں اسلام آباد کو محفوظ ترین ہمسائے کے تصور کو عملی شکل دینے کیلئے نادرا اور پولیس کے اشتراک سے اسلام آباد بھر میں ہاؤس ہولڈ سروے کا آغاز کیا جاچکا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس اقدام سے اسلام آباد میں رہائش پذیر تمام رہائشیوں کی حقیقی معلومات کا ڈیٹا بیس تیار کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو محفوظ شہر بنانے کیلئے ایم-ٹیگ کے نفاذ کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کی تمام اہم شاہراہوں اور مقامات کو اسلام آباد سیف سٹی کے نظام سے منسلک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ڈیجیٹل شہر کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو کیش لیس شہر میں تبدیل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ملاقات میں تعلیم، گرین فنانسنگ، اور ڈزاسٹر مینجمنٹ و قدرتی آفات کے روک تھام و رسپانس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے پائیدار ترقی، خوبصورتی اور اعلیٰ سلامتی کے معیارات کا ایک مثالی شہر بنانا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون، شہری سطح پر رابطوں اور تعلیمی و ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button