سوئی نادرن گیس کا مالی سال 2025-26 کے لیے مجوزہ گیس قیمتوں میں اضافہ: بنیادی وجوہات اور تفصیلات جاری

پریس ریلیز
مالی سال 2025-26 کے لیے مجوزہ اوسط تعین شدہ قیمت 2,485.72 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ قیمت میں اضافے کا تقریباً 51 فیصد حصہ مہنگی RLNG گیس (آر ایل این جی) کو سسٹم گیس کے صارفین کو فراہم کرنے کی مد میں ہے۔ اس تبدیلی کی بنیادی وجہ RLNG کے مقررہ حجم کی بجلی کے شعبے میں کھپت میں کمی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ کیپٹیو پاور پلانٹس (CPPs) کی گیس کھپت میں کمی بھی اس تبدیلی کا سبب بنی ہے، کیونکہ حکومت کی پالیسی کے تحت ان پلانٹس کو نیشنل پاور گرڈ پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ پاور کی پیداواری صلاحیت کا بہتر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔
قیمت میں اضافے کا مزید 39 فیصد حصہ لیٹ پیمنٹ سرچارج (LPS) کی مد میں بنتا ہے جو کہ گیس سیکٹر کے واجبات (سرکلر ڈیٹ) پر لاگو ہوا ہے۔ ماضی میں اوگرا نے اس رقم کو تعین شدہ قیمت میں شامل کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
یہ واضح کیا جاتا ہے کہ کمپنی کی کل آمدن کی ضروریات میں آپریٹنگ اخراجات کا حصہ محض 4 سے 6 فیصد ہے۔
قیمت میں اضافے کا باقی معمولی حصہ آپریٹنگ اخراجات، ضروری اثاثہ جات کے اضافے اور تنزلی/کمی پر مشتمل ہے، جو کہ نظام کی مسلسل فعالیت اور گیس کی مسلسل و بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔