اہم خبریں

شہر بھر میں تجاوزات کی بھرمار، غیر قانونی پارکنگ قائم،ٹریفک اہلکاروں پر رشوت کے الزامات

شہر بھر میں تجاوزات کی بھرمار،غیر قانونی پارکنگ قائم،ٹریفک اہلکاروں پر رشوت کے الزامات

مقامی ٹریفک اہلکار اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے منظم مافیا کیساتھ ملے ہوئے ہیں،فوری کارروائی اور تبادلے کئے جائیں،عوامی حلقوں کا مطالبہ

معمولی غلطی پر موٹر سائیکل سواروں کو جرمانے جبکہ منظم مافیا کو مکمل چھوٹ،اچھی شہرت اور ساکھ والے اہلکاروں کو تعینات ،تجاوزات خاتمے کا ہدف دیا جائے،شہری

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) شہر کے مختلف علاقوں ٹینچ بھاٹہ ،مغل آباد،اسلم مارکیٹ ،دھمیال روڈ،چونگی نمبر22، ہارلے سٹریٹ ،کلمہ چوک، ڈھوک سیداں، پیپلز کالونی، برف خانہ چوک، رینج روڈ ،مصریال روڈ، صدر و دیگر علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار، جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ، راستوں کی بندش اور ٹریفک کی روانگی میں خلل سے عوام کو نقل و حمل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، سوزوکی مافیا نے جگہ جگہ اڈے قائم کر رکھے ہیں، بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت سے بھی ٹریفک جام رہتی ہے، ٹریفک اہلکار غیر قانونی تجاوزات اور پارکنگ کیخلاف کارروائی سے گریزاں ہیں، ٹریفک وارڈن اہلکاروں پر اس منظم مافیا سے منتھلیاں لینے کا الزام لگایا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق بیشتر اہلکار مقامی ہیں جو اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے قانونی کی حکمرانی قائم رکھنے میں رکاوٹ بنے رہتے ہیں، ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹریفک اہلکار موٹر سائیکل سواروں کو چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر جرمانہ عائد کر دیتے ہیں تاہم سڑک پر قابض مافیا کیخلاف کارروائی کرنے سے مکمل لاتعلق رہتے ہیں، شہریوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ شہر بھر میں تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور شہر کی سڑکوں کو تجاوزات مافیا سے پاک کیا جائے، تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ قائم کرنے میں ملوث مقامی ٹریفک اہلکاروں کو فوری طور پر تبدیل کر دیا جائے تاکہ شہر میں قانون کی حکمرانی قائم ہو سکے، شہریوں نے عوامی للکار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی اقدامات میں پولیس اہلکار ملوث رہتے ہیں، ان اہلکاروں کی نشاندہی کر کے ان کیخلاف کارروائی اور ان کا تبادلہ کیا جائے اور شہر میں اچھی شہرت اور ساکھ والے اہلکار تعینات کئے جائیں اور انہیں متعین وقت میں تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کا ہدف دیا جائے، گزشتہ دنوں ٹینچ بھاٹہ اور صدر میں کینٹ بورڈ انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن پر عوامی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کے آپریشن کئے جائیں تاکہ راستے کھلے اور عوام کو سہولت حاصل ہوسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button