بزرگ شہری قتل کیس اور بری امام ڈکیتی کیس کے ملزمان اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیے

*بزرگ شہری قتل کیس اور بری امام ڈکیتی کیس کے ملزمان اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیے*
*بری امام ڈکیتی میں ملوث چار ملزمان جبکہ بزرگ شہری کے قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتار*
اسلام آباد(چوہدری ہارون اشتیاق )اسلام آباد پولیس نے بری امام میں ہونے والی ڈکیتی میں ملوث ملزمان اور تھانہ بہارہ کہو میں بزرگ شہری کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز / انوسٹی گیشن اسلام آباد محمد ارسلان شاہزیب نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ ریسکیو15آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ دنوں تھانہ سیکرٹریٹ کی حدود میں چار مسلح ملزمان جنھوں نے اسلحہ کی نوک پر موبائل کی دکان میں ڈکیتی کی اوراسی طرح تھانہ بھارہ کہو کی حدود میں بھی ایک بزرگ شہری کی گلا کٹی ہوئی نعش ملی، ان دونوں واقعات پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا کی زیرنگرانی ایس ایس پی آپریشنز / انوسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں،جنھوں نے انتھک محنت اور جدید تقاضوں پر تفتیش کرتے ہوئے بری امام بازار میں واقع ایک موبائل شاپ پر ڈکیتی میں ملوث چار ملزمان کو ٹریس کرکے 48گھنٹوں کے قلیل وقت میں گرفتار کیا،گرفتار ملزمان کی شناخت فیصل، شبیر، غلام عباس اور محمد فراز کے ناموں سے ہوئی ہے،پولیس ٹیم نے ملزمان کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ ایک عددکلاشنکوف، ایک عدد55 بور رائفل، ایک عددM-16 نما پسٹل،دو عدد تیس بور پسٹل اورواردات میں استعمال ہونے والے دونوں موٹرسائیکل برآمد کرلئے، جبکہ واردات میں چھینی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی، ملزمان کے انکشافات سے مزید وارداتوں کے بارے میں بھی پتا چلا ہے اور اس پر بھی قانونی کارروائی جاری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مورخہ 03نومبر 2024کو تھانہ بھارہ کہو کی حدود میں ایک بزرگ شہری کی گلا کٹی ہوئی نعش ملی، پولیس نے اطلاع ملتے ہی تمام قانونی تقاضوں کو مکمل کرتے ہوئے اس اندھے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے کو ششں شروع کیں،انسانی اور تکنیکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیس ٹیم نے دو ملزمان امان اللہ اور ریاست عباسی کو گرفتار کرلیا، دونوں ملزمان نے بزرگ شہری کے پیسے ہتھیانے کیلئے اس کو قتل کردیا تھا اور بعد میں مفرور ہوگئے تھے،ایس ایس پی آپریشنز/ انوسٹی گیشن نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے،جبکہ اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے جسے مزید بہتر کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔