ایف ایف سی نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے نتائج کا اعلان کر دیا

ایف ایف سی نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے نتائج کا اعلان کر دیا
فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ (ایف ایف سی) نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی، جو 31 مارچ 2025 کو ختم ہوئی، کے مالی نتائج کا اعلان اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں 28 اپریل 2025 کو کیا۔اس عرصے کے دوران، ایف ایف سی نے گوٹھ مچھی اور پورٹ قاسم میں اپنی پیداواری تنصیبات کی باقاعدہ مرمت اور دیکھ بھال کی، جبکہ گزشتہ سال ایسا کوئی بندش عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔ مجموعی یوریا پیداوار 6 لاکھ 29 ہزار ٹن رہی جبکہ ڈی اے پی کی پیداوار 1 لاکھ 68 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی۔پہلی سہ ماہی کے دوران کھاد کی مارکیٹ میں زائد رسد رہی، جو کمزور زرعی معیشت اور خشک سالی کے باعث ہوئی، جس کے نتیجے میں کھاد کی فروخت میں کمی آئی۔ ایف ایف سی کی یوریا فروخت 5 لاکھ 38 ہزار ٹن رہی، جو سالانہ بنیاد پر 26 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ مجموعی صنعت کی فروخت میں 40 فیصد کمی آئی۔کمپنی نے شعبے کے تقریباً 8 لاکھ 25 ہزار ٹن کے اختتامی یوریا ذخیرے میں سے صرف 16 فیصد ذخیرہ رکھا، جو مؤثر مارکیٹنگ کوششوں کا مظہر ہے۔ نتیجتاً ایف ایف سی کا یوریا مارکیٹ شیئر 45 فیصد سے بڑھ کر 49 فیصد ہو گیا۔ڈی اے پی کے شعبے میں، تیار اور درآمد شدہ مصنوعات کی فروخت 88 ہزار ٹن رہی، جس کے ساتھ ایف ایف سی نے ڈی اے پی مارکیٹ میں 63 فیصد حصے کے ساتھ اپنی قیادت برقرار رکھی۔مرج شدہ ادارے کی منافعیت 13.3 ارب روپے رہی، جو گزشتہ سال کے 10.5 ارب روپے کے مقابلے میں 27 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ کمپنی نے 7.4 ارب روپے کی دیگر آمدن بھی حاصل کی، جس میں عسکری بینک لمیٹڈ سے موصولہ 2.8 ارب روپے کا ڈیویڈنڈ بھی شامل ہے۔ایف ایف سی نے فی حصص آمدنی (EPS) 9.3 روپے ریکارڈ کی، جو گزشتہ سال کے 8.3 روپے فی حصص سے زائد ہے۔مجموعی بنیاد پر ایف ایف سی نے 17.6 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع (PAT) ریکارڈ کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 39 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ یہ اضافہ بنیادی طور پر ایف ایف سی کے خودمختار آپریشنز کی مضبوط کارکردگی اور اس کی ذیلی و منسلک کمپنیوں کی شراکت کا نتیجہ ہے۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس عرصے کے لیے 70 فیصد (یعنی فی شیئر 7.00 روپے) کا پہلا عبوری ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔