اشتیاق عباسی قتل کیس: متاثرہ خاندان کا ایس پی سواں زون پری گل ترین سے اظہارِ اعتماد

راولپنڈی (احمد ضمیر سے) اشتیاق عباسی قتل کیس میں پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر مقتول کے اہلِ خانہ نے ایس پی سواں زون پری گل ترین سے ملاقات کی اور ان کی قیادت میں پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق اشتیاق عباسی کے قتل کے بعد ان کے بھائی، چچا، بیٹے اور دیگر قریبی رشتہ داروں نے ایس پی آفس سواں زون کا دورہ کیا، جہاں ایس پی پری گل ترین نے ان کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران متاثرہ خاندان نے پولیس کی فوری کارروائی، سنجیدہ تفتیش اور ملزمان کی تلاش کے لیے کی جانے والی جامع کوششوں پر اظہارِ اطمینان کیا۔اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پولیس کی جانب سے جس طرح بروقت ردِ عمل دیا گیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی پری گل ترین جیسے فرض شناس افسران کی موجودگی میں شہری خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں۔اس موقع پر ایس پی سواں زون پری گل ترین نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ کیس کی تفتیش شفاف انداز میں جاری ہے اور انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مظلوموں کی داد رسی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔