اہم خبریں

انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت‘ پولٹری اور انڈوں کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ

انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت‘ پولٹری اور انڈوں کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ
غیر قانونی کارٹلائزیشن اور مبینہ اسمگلنگ کے باعث زندہ مرغی 445جبکہ انڈے 420روپے درجن سے بڑھ گئے

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) سردی کی شدت بڑھتے ہی پولٹری اور انڈوں کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور مبینہ ملی بھگت سے پولٹری مافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے۔ زندہ مرغی 445 روپے کلو اور انڈے 429 روپے کی حد بھی کراس کر گئے۔ روزانہ کی سطح پر پرائس لسٹیں دکانداروں اور میڈیا تک نہ پہنچنے پر مرغی فروشوں نے بلیک ریٹس پر مرغی اور انڈے فروخت کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ زندہ مرغی کی قیمتیں جو راولپنڈی میں 280روپے کلو کے لگ بھگ برقرار تھیں اچانک کارٹلائزیشن جیسے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے قیمتیں بڑھانے کا رجحان ہے۔ زندہ مرغی تاریخ میں پہلی بار 445 روپے کلو سے بھی بڑھا دی گئی ہیں جبکہ مبینہ اسمگلنگ روکنے اور بلیک مافیا کیخلاف کارروائی اور قیمتیں کنٹرول کرنے کے کوئی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ انڈے جو پاکستان کی تاریخ میں اتنے مہنگے کبھی نہیں ہوئے جو اس بار نگران حکومت کے دور میں ہو چکے ہیں۔ ادہر کریانہ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پولٹری والے ہائیکورٹ گئے ہوئے ہیں جبکہ پولٹری حکام کا کہنا ہے کہ حکومت مرغیوں کی فیڈ کا مسئلہ حل کرائے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولٹری مافیا کے معاملات کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے تاکہ مناسب منافع کا تعین اور سختی سے عملدرآمد ہو سکے۔ کنزیومر کونسل حکام کا کہنا ہے کہ شہری قیمت پنجاب ایپ ڈائون لوڈ کریں اور ریٹ لسٹ نہ لگانے‘ مہنگی اشیاء فروخت کرنے والے اور صارفین سے ناروا سلوک کرنے والے دکانداروں کی نشاندہی کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سستی پروٹین کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ورنہ بیمار بچوں کے ساتھ نئی نسل پاکستان کا بار اٹھانے کیلئے مشکلات کا شکار ہوگی۔ ادھر چک جلال دین گردونواح اور دھمیال روڈ پر انڈے چار سو بیس روپے درجن فروخت کئے جا رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button