ٹریفک جام، رشوت، تجاوزات عوام کا ڈپٹی کمشنر اور سی ٹی او سے فوری ایکشن کا مطالبہ

راولپنڈی (احمد ضمیر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے واضح احکامات کے باوجود بند کھنہ روڈ سے کھنہ پل تک ناجائز تجاوزات اور غیرقانونی ٹھیلوں کا قبضہ برقرار ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، ضلعی کونسل کی مبینہ ملی بھگت سے سرکاری سڑکوں پر ٹھیلے اور سٹالز لگا دیے گئے ہیں، جن سے ہر ماہ پانچ سو سے ایک ہزار روپے تک منتھلی وصول کی جا رہی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹھیلہ ہولڈرز کی جانب سے دی جانے والی یہ رقم ایریا انسپکٹر کے ذریعے مبینہ طور پر اعلیٰ افسران تک پہنچائی جاتی ہے۔ اس عمل نے نہ صرف سڑکوں کو تنگ کر دیا ہے بلکہ ٹریفک جام روزمرہ معمول بن چکا ہے۔
پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ دکاندار بھی جگہ کی تنگی سے پریشان ہیں۔مکینوں کے مطابق، اس تمام تر غیرقانونی عمل کے باوجود متعلقہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اور کسی قسم کی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ شہریوں کی شکایات کے باوجود، نہ صرف ان پر کان نہیں دھرے گئے بلکہ بعض شکایت کنندگان کو مبینہ طور پر ہراساں بھی کیا گیا۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ راولپنڈی سمیت تمام بڑے شہروں کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کیا جائے، مگر اس مخصوص علاقے کی صورتحال ان دعوؤں کی نفی کرتی دکھائی دیتی ہے۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ایریا انسپکٹر اور متعلقہ ضلع کونسل کے اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر کے ان کے خلاف شفاف انکوائری کی جائے تاکہ اصل ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔اس کے علاوہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تمام ناجائز ٹھیلوں اور تجاوزات کو فی الفور ہٹایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو اور عوامی نقل و حرکت میں آسانی پیدا ہو۔شہری اس بات پر بھی زور دے رہے ہیں کہ کرپشن کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کیا جائے اور رشوت خوری جیسے معاملات کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور سی ٹی او راولپنڈی سے بھی اپیل کی ہے کہ اس بازار میں مستقل بنیادوں پر اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ غیر قانونی تجاوزات کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو اور ٹریفک کی روانی کو مؤثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔ شہریوں کا ماننا ہے کہ اگر انتظامیہ فوری اقدامات کرے تو اس علاقے کو تجاوزات سے پاک کیا جا سکتا ہے۔راولپنڈی کے عوام کا کہنا ہے کہ شہر کو تجاوزات مافیا سے نجات دلانا وقت کی اشد ضرورت ہے، اور وہ وزیراعلیٰ پنجاب سمیت متعلقہ حکام سے فوری نوٹس اور عملی اقدامات کی امید رکھتے ہیں۔