اسلام آباد ایس پی سواں زون پری گل ترین کی مثالی کارکردگی، سخت گرمی میں بھی فیلڈ میں متحرک

اسلام آباد (احمد ضمیر سے) اسلام آباد پولیس کی سواں زون کی انچارج ایس پی پری گل ترین اپنی جانفشانی، فرض شناسی اور عملی کارکردگی کے باعث عوامی اور پولیس حلقوں میں بھرپور داد و تحسین حاصل کر رہی ہیں۔سخت گرمی اور شدید موسمی حالات کے باوجود ایس پی پری گل ترین نے آرام دہ دفتری ماحول کو ترک کرتے ہوئے میدان عمل کو ترجیح دی۔ ذرائع کے مطابق ایس پی صاحبہ صرف دفتری ضروریات کے تحت محدود وقت کے لیے دفتر جاتی ہیں، جب کہ زیادہ تر وقت براہ راست فیلڈ ورک، تھانوں کے اچانک دورے، عوامی شکایات کا جائزہ لینے، اور پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کی نگرانی میں صرف کرتی ہیں۔ ایس پی سواں زون نے اپنے ماتحت تھانوں میں چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام قائم کر رکھا ہے جس کے باعث پولیس اہلکاروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے نہ صرف تھانوں میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا ہے بلکہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر عوام سے براہ راست رابطہ قائم کر کے پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کیے ہیں۔ شہری حلقوں کی جانب سے ایس پی پری گل ترین کی فیلڈ میں مستقل موجودگی اور عوامی مسائل کے فوری حل کی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایسے افسران پولیس کے امیج کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ایس پی صاحبہ کا کہنا ہے کہ ’’پولیس کا اصل کردار عوام کی خدمت ہے، اور میں سمجھتی ہوں کہ عوامی خدمت کا بہترین طریقہ براہ راست عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو فوری حل کرنا ہے۔‘‘ پری گل ترین کا جذبہ اور محنت اسلام آباد پولیس کے دیگر افسران کے لیے بھی ایک مثال بن چکی ہے، اور ان کی کارکردگی سے سواں زون میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔