راولپنڈی پولیس کی کارروائیاں، اقدام قتل اور چیک ڈس آنر کے مقدمات میں مطلوب 3 اشتہاری گرفتار

راولپنڈی (احمد ضمیر سے) راولپنڈی پولیس نے اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیوں کے دوران اقدام قتل اور چیک ڈس آنر کے مقدمات میں مطلوب 3 اشتہاریوں کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صادق آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب 2 اشتہاری ملزمان، عاطف اور آصف کو گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے مکان کے تنازعے پر فائرنگ کرکے اپنی ہمشیرہ کو زخمی کردیا تھا۔ اس واقعے کا مقدمہ گزشتہ سال تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا تھا۔دوسری جانب، واہ کینٹ پولیس نے چیک ڈس آنر کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم وسیم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم رواں سال سے پولیس کو مطلوب تھا۔ڈویژنل ایس پیز کا کہنا ہے کہ گرفتار اشتہاری مجرمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کی جانب سے اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔