پوٹھوہار میڈیکل کمپلیکس میں شہر کے پہلے اسٹیٹ آف دی آرٹ NICU کا سنگ میل عبور

ننھی جانوں کے لیے نئی زندگی کی امید ڈاکٹر زیشان اعظم اور ڈاکٹر کلیم خالد کی جانب سے گوجرخان کے عوام کے لیے بڑا تحفہ
اب راولپنڈی، اسلام آباد جانے کی ضرورت نہیں پوٹھوہار میڈیکل کمپلیکس میں نوزائیدہ بچوں کے لیے جدید ترین آئی سی یو فعال
گوجرخان (قمر شہزاد سے) تحصیل گوجرخان اور گردونواح کے مکینوں کے لیے صحت کے شعبے میں ایک ایسی انقلابی پیش رفت سامنے آئی ہے جس نے علاقے میں طبی سہولیات کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا ہے۔ معروف جنرل سرجن ڈاکٹر چوہدری ذیشان اعظم اور ڈاکٹر کلیم خالد کی ویژنری قیادت اور انتھک کوششوں کے نتیجے میں پوٹھوہار میڈیکل کمپلیکس میں گوجرخان کا پہلا مکمل طور پر لیس اور جدید ترین نوزائیدہ بچوں کا انتہائی نگہداشت وارڈ این آئی سی یو کو فعال کر دیا گیا ہے۔ اس اسٹیٹ آف دی آرٹ یونٹ کا قیام گوجرخان کے شہریوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، جہاں اب قبل از وقت پیدا ہونے والے پریمچیور اور پیدائشی طور پر پیچیدہ طبی مسائل کا شکار نوزائیدہ بچوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ ماضی میں شہریوں کو ان نازک سہولیات کے لیے راولپنڈی یا اسلام آباد کے بڑے ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا تھا، جس میں ضائع ہونے والا قیمتی وقت اکثر ننھی جانوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوتا تھا۔ اب جدید ترین مشینری، وینٹی لیٹرز اور ماہر پیڈیاٹرک اسٹاف کی زیرِ نگرانی یہی سہولت مقامی سطح پر چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر چوہدری ذیشان اعظم اور ڈاکٹر کلیم خالد نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد پیسہ کمانا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت اور گوجرخان کے بچوں کو وہی سہولیات فراہم کرنا ہے جو کسی بھی بڑے شہر کے مہنگے ہسپتالوں میں میسر ہیں۔ ہم نے اس ادارے کی بنیاد ہی اس مشن پر رکھی ہے کہ ہر بچے کی زندگی قیمتی ہے اور اسے بہترین علاج ملنا چاہیے۔ عوامی، سماجی حلقوں نے اس تاریخی اقدام کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے گوجرخان کی طبی تاریخ کا ایک بڑا سنگ میل قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پوٹھوہار میڈیکل کمپلیکس نے اس جدید ترین این آئی سی یو کے قیام سے علاقے کے لاکھوں افراد کی دیرینہ ضرورت پوری کر دی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس اقدام کو گوجرخان کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹرز کی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔



