حکومتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا

پتنگ بازوں اور ان کے سہولت کاروں کی اب خیر نہیں انسپکٹر مرزا طیب ظہیر بیگ کا ٹرانسپورٹرز اور ساؤنڈ سسٹم مالکان کو دوٹوک پیغام
خونی کھیل کی ترسیل کرنے والی گاڑیاں تھانوں میں سڑیں گی سخت ترین ایف آئی آرز کا سامنا کرنا ہوگا ایس ایچ او تھانہ گوجرخان کی وارننگ
گوجرخان (قمرشہزاد) خونی کھیل پتنگ بازی کے سدباب اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پولیس نے شکنجہ مزید کس دیا۔ ایس ایچ او تھانہ گوجرخان مرزا طیب ظہیر بیگ نے ٹرانسپورٹ مافیا اور سہولت کاروں کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پتنگ بازی کے سامان کی نقل و حمل میں ملوث کسی بھی شخص کو معافی نہیں ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اپنے دفتر میں گڈز ٹرانسپورٹ، کارگو سروس، کورئیر کمپنیوں اور ساؤنڈ سسٹم مالکان کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسپکٹر مرزا طیب ظہیر بیگ نے سخت ترین ہدایات جاری کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ کوئی بھی گڈز، کورئیر یا بس سروس پتنگ اور ڈور کی بلٹی بک نہیں کرے گی۔ اگر کسی بھی بس یا ویگن میں پتنگ بازی کا سامان پایا گیا تو نہ صرف سخت ترین ایف آئی آر درج ہوگی بلکہ وہ گاڑی بھی فوری طور پر بند کر دی جائے گی۔ اس موقع پر ساؤنڈ سسٹم مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی پتنگ باز کو سسٹم فراہم نہیں کریں گے۔
کسی بھی قسم کے پروگرام کے لیے پولیس سے باقاعدہ این او سی لینا لازمی ہوگا اور اس کی پیشگی اطلاع تھانے میں دینا ہوگی، بصورتِ دیگر آلات ضبط کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایچ او نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کی معاونت کرنے والے بھی برابر کے مجرم تصور ہوں گے۔ میٹنگ میں شریک تمام گڈز مالکان اور ٹرانسپورٹرز نے انسپکٹر مرزا طیب ظہیر بیگ کے اقدامات کی بھرپور حمایت کی اور یقین دہانی کروائی کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا مشکوک پارسل کی اطلاع فوری طور پر تھانہ میں دیں گے۔



