اہم خبریں
سردیوں میں گیس لیکج سے حادثات بڑھنے کا خدشہ،ریسکیو 1122 کی شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ پنجاب ریسکیو 1122 راولپنڈی نے سردیوں کے موسم میں گیس کے استعمال میں اضافے کے باعث حادثات کے بڑھتے خدشات پر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ ریسکیو ترجمان محمد عثمان نے کہا کہ زیادہ تر واقعات گیس لیکج کے باعث پیش آتے ہیں جن سے بروقت بچاؤ صرف احتیاط سے ہی ممکن ہے۔ شہری رات کو سونے سے پہلے گیس ہیٹر اور چولہے لازمی بند کریں، جبکہ گیس کی بو محسوس ہونے پر بجلی کے بٹن یا آگ جلانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے دھماکے کا خدشہ ہوتا ہے۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق گیس لیکج کی صورت میں فوری طور پر دروازے اور کھڑکیاں کھول کر گھر خالی کر دیا جائے۔ ریسکیو 1122 نے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوراً ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں، بروقت اطلاع ہی بروقت ریسپانس کو یقینی بناتی ہے۔



