ایپنک کے وفد کی پرنسپل انفارمیشن آفیسر سے ملاقات، میڈیا کے مسائل اور حل پر تفصیلی گفتگو

 آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرونک میڈیا ایمپلائز کنفڈریشن ( ایپنک) (APNEC) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گزشتہ روز  پرنسپل انفارمیشن آفیسر (PIO) مبشر حسن  سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں میڈیا کے موجودہ مسائل، تکنیکی چیلنجز، اور ان کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفد نے میڈیا کے اداروں کو درپیش تکنیکی رکاوٹوں، ڈیجیٹل میڈیا کی تیزی سے بدلتی ضروریات، اور سرکاری و نجی شعبے کے درمیان بہتر تعاون کے امکانات کے علاوہ وزیراعظم ہیلتھ انشورنس اسکیم  برائے جرنلسٹس و میڈیا ورکرز  پر تفصیلی گفتگو کی۔ وفد کی قیادت نومنتخب چئیرمیں محمد صدیق انظر کر رہے تھے  پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے   ایپنک کی نو منتخب  قیادت کو مبارک باد دی اور کہا کہ ایپنک پاکستان بھر کے صحافیوں و میڈیا ورکرز کی نمائیندہ تنظیم ہے جو قومی یکجہتی،صحافتی آزادی، زمہ دارانہ میڈیا کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے انہوں نے کہا کہ  حکومت شفاف، موثر اور جدید میڈیا نظام کے فروغ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے  میڈیا ہاوسز کے گزشتہ ایک سال میں تقریبا 9ارب روپے سے زیادہ کی ادائیگیاں کی گئی ہیں تاکہ میڈیا ورکرز کی تنخواہیں بروقت ادا کی جاسکے اور عام میڈیا ورکر خوشحال ہو انہوں نے کہا کہ آجر اور اجیر کے معاملہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا حکومت کی کوشش ہے کہ میڈیا ورکر کو بروقت اور بہتر تنخواہوں کی ادائیگیاں ہوں اس سلسلے میں میڈیا تنظیموں کو بھی اتفاق اتحاد سے ورکرز کے مسائل کے حل کے لئے آگے آنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس کے معاملے پر کچھ مسائل کا سامنا ہے ان مسائل کا حل ایپنک کے ساتھ ملکر نکالیں گے ایپنک کے نمائندوں نے پی آئی او مبشر حسن کی میڈیا ورکرز کے حوالے سے پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ میڈیا ایمپلائز اور حکومت کے درمیان جو اعتماد کا رشتہ مبشر حسن نے قائم کیا ہے اس کی مثال بہت کم ملتی ہے وفد نے میڈیا کے مسائل کے حل کے لئے بہترین کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا وفد نے پاکستان میں میڈیا کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل سکیورٹی، ڈیٹا مینجمنٹ، اور آن لائن مواد کی مؤثر نگرانی کے نظام کو بہتر بنا کر میڈیا کے استحکام کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
 اس بات پر زور دیا کہ حکومت میڈیا تنظیموں کے ساتھ ملکر میڈیا اداروں میں کم سے کم تنخواہوں اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگیوں پر ایک منظم مہم چلائے اور مختلف اداروں سے میڈیا ملازمین کو جبری برخاسگیوں کو بھی سنجیدگی کے ساتھ روکے جبکہ  9واں ویج بورڈ فوری تشکیل دیا جائے۔ ہیلتھ انشورنس کے لئے  ملک بھر سے جن 20ہزار  میڈیا ورکرز و جرنلسٹس نے رجسٹرہشن کرائی ہے انہیں فوری اسٹیٹ لائف کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ 
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے باہمی تعاون جاری رکھنے، مشترکہ ورکشاپس اور ٹریننگ پروگرامز کے انعقاد پر اتفاق کیا تاکہ میڈیا کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔
 
				


