اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے پر ون ویلنگ کا خونی کھیل، ایس پی سواں زون پری گل ترین کا سخت نوٹس

اسلام آباد (احمد ضمیر سے) وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں پر ون ویلنگ کے خطرناک رجحان میں اضافہ ہو گیا ہے، خصوصاً اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے پر سحری کے بعد منچلے نوجوان اپنی جانوں سے کھیلنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ اس خونی کھیل پر ایس پی سواں زون پری گل ترین نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ون ویلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ایس پی سواں زون کا کہنا تھا کہ "ون ویلنگ ایک خونی کھیل ہے، جس سے نہ صرف نوجوان اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیوں کو بھی داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ اس غیر قانونی اور خطرناک سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف آئینی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔”پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ کے خلاف خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو اہم شاہراہوں پر تعینات رہیں گی تاکہ ایسے عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جا سکے۔ مزید برآں، والدین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں اس خطرناک رحجان سے باز رکھیں۔عوامی حلقوں نے ایس پی سواں زون کے اس اقدام کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ون ویلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔