
اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور پارلیمان فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے اتوار کو جاری پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے فلسطینی عوام کے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے غزہ میں معصوم فلسطینیوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کی شہادتوں اور بڑے پیمانے پر تباہی پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا۔
سردار ایاز صادق نے عالمی برادری پر زور دیا کہ غزہ میں جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری غزہ کے متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو کے لیے بھی مؤثر کردار ادا کرے۔
سپیکر قومی اسمبلی کے مطابق مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا مؤقف واضح، اصولی اور غیر متزلزل ہے۔ پاکستان 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جبکہ القدس الشریف اس آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ مسئلے کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پارلیمان کی منظور کردہ قراردادیں پاکستانی عوام کے جذبات کی عکاس ہیں اور پاکستان بین الاقوامی پارلیمانی فورمز پر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے مسلم امہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کو عملی اقدامات میں تبدیل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔


